ڈیڑھ کروڑ روپے کے جعلی چیک کے مقدمے میں گرفتار ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج

پیر 11 اگست 2025 15:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈیڑھ کروڑ روپے کے جعلی چیک کے مقدمے میں گرفتار ملزم ریاض سہیل کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی اور ٹرائل جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی، جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مائدہ ثوبیہ پیش ہوئیں۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کے وکیل صاحب کہاں ہیں ۔

جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ وہ دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ جنوبی چھائونی میں 27جون 2023ء کو پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اظہر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا۔ مدعی کا مقف ہے کہ انہوں نے ملزم کے ساتھ انویسٹمنٹ کی تھی اور گارنٹی کے طور پر چیک دیا گیا، جو بعد میں بانس ہوگیا۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے خلاف بانس چیک کے مزید 20مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ یہ چیک دراصل گارنٹی کے طور پر دیا گیا تھا تاہم چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ وکیل صاحب، بتائیے کہاں لکھا ہے کہ یہ گارنٹی چیک ہی اور دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔