پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد

پیر 11 اگست 2025 18:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست وہ دن ہے جب ہم قربانی، اتحاد اور ایمان کے ساتھ ایک آزاد وطن کی نعمت کا شکر ادا کرتے ہیں،یہ دن ہمیں ان عظیم شہدا اور مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ہمیں یہ آزادی دی۔

تقریب میں نرسنگ آفیسر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نرسز نے جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی۔آسیہ خانم نے کہا کہ آج ہم یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے سے پاکستان کو دنیا کے صفِ اول کے ممالک میں شامل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بطور ہیلتھ پروفیشنلز ہمارا کردار صرف علاج تک محدود نہیں بلکہ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مضبوط، صحت مند اور باشعور قوم بنانے میں بھی اہم ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی ترقی کی ضمانت ہے اور اسی لیے ہمیں پیشہ ورانہ مہارت، ایمانداری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو اپنی پہچان بنانا ہوگا۔