سانگلہ ہل ، واپڈا کی جانب سے شہر بھر میں ننگی اور لٹکتی بجلی کی تاروں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے

پیر 11 اگست 2025 18:11

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) سانگلہ ہل سٹی سب ڈویژن واپڈا کی جانب سے شہر بھر میں ننگی اور لٹکتی بجلی کی تاروں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ یہ کارروائی ایکسین واپڈا سرکل شاہکوٹ شیخ رضوان کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی او سٹی سب ڈویژن محمد شبیر کی قیادت میں عمل میں لائی گئی، جس میں واپڈا اہلکاروں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور متعدد علاقوں میں خطرناک تاروں کو فوری طور پر ہٹا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن چوہدری محمد برجیس طاہر کی خصوصی توجہ اور ہدایات پر لیسکو کوآرڈینیٹر عبدالجبار نے فوری کارروائی کی سفارش کی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے محلہ طارق آباد، سٹی سانگلہ ہل اور دیگر قریبی علاقوں میں موجود لٹکتی اور ننگی تاروں کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ مہم شہریوں کے دیرینہ مطالبے پر شروع کی گئی، تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

عوامی حلقوں نے اس بروقت اور مثبت اقدام کو زبردست انداز میں سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ کئی عرصے سے نظر انداز ہو رہا تھا جس کی وجہ سے آئے روز کرنٹ لگنے اور دیگر خطرات لاحق تھے۔شہریوں نے ایکسین واپڈا شیخ رضوان، ایس ڈی او سٹی سب ڈویژن محمد شبیر، لیسکو کوآرڈینیٹر عبدالجبار اپل اور مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری محمد برجیس طاہر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے عوامی فلاح کو مقدم جانتے ہوئے فوری عملی اقدام کیا۔

واپڈا ذرائع کے مطابق یہ مہم آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اور شہر کے تمام علاقوں میں بجلی کی لائنوں کو محفوظ بنانے کے لیے مرحلہ وار اقدامات کیے جائیں گے۔مزید برآں، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے خطرناک مقامات کی نشاندہی کریں تاکہ ان علاقوں میں فوری کارروائی کی جا سکے۔\378