نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف

بھارتی دارالحکومت میں اپنے فرائض انجام دینے والے پاکستانی سفارت کاروں کو مسلسل ہراساں کر کے گھر چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 11 اگست 2025 18:25

نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2025ء) نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف، بھارتی دارالحکومت میں اپنے فرائض انجام دینے والے پاکستانی سفارت کاروں کو مسلسل ہراساں کر کے گھر چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت ایک بار پھر سفارتی آداب بھول گیا اور نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتکاروں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ان کے گھروں میں گیس اور انٹرنیٹ کی سہولیات وقتاً فوقتاً معطل کی جا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتکاروں کو دیے گئے رہائشی مکانات خالی کرنے کے احکامات کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی جاری کر دیے گئے اور اب تک چار سے پانچ سفارتکاروں کو گھر چھوڑنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

گھر خالی کرنے کے حکم کے ساتھ بھارت کے دیگر اوچھے ہتھکنڈے بھی جاری ہیں۔اپریل سے سفارتکاروں کے پانی، دودھ، گیس اور فوڈ ڈیلیوری پر وقتاً فوقتاً پابندی لگائی جا رہی ہے جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن کو اخبارات کی فراہمی بھی روک دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کے بچوں کے اسکول داخلے بھی کینسل کر دیے گئے ہیں، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھارتی وزارتِ خارجہ کے غیر سنجیدہ اور گمراہ کن بیان پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی بیان غیر سنجیدہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی بھارتی عادت کا ایک اور مظاہرہ ہے، مبینہ "ایٹمی بلیک میلنگ" کا بھارتی بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ ہے پاکستان کسی بھی طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے سخت خلاف ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت ہر مرتبہ جب اس کے سامنے حقائق رکھے جاتے ہیں تو جنگی جنون اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، جس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل سول انتظام کے تحت ہے، پاکستان ہمیشہ ضبط و احتیاط سے کام لیتا آیا ہے اور ایسے حساس معاملات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا رہا ہے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مؤثر کوششیں دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، بھارتی وزارتِ خارجہ کے الزامات بے بنیاد اور بغیر کسی ثبوت کے ہیں۔ ترجمان نے تیسرے ملک ممالک کا حوالہ دینے کو بھی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کی سفارتی کمزوری اور غیر ضروری طور پر دیگر ممالک کو ملوث کرنے کی ناکام کوشش ہے، بھارت کے جارحانہ اور جنگی رویے کے برعکس، پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا تاہم پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی کسی بھی بھارتی کوشش کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہوگی۔