Live Updates

عمران خان کی بنی گالہ زرعی اراضی نیلام کر دی گئی

موہڑہ نوربنی گالا میں 405 کنال زرعی اراضی فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار میں نیلام کردی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 11 اگست 2025 20:22

عمران خان کی بنی گالہ زرعی اراضی نیلام کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2025ء) عمران خان کی بنی گالہ زرعی اراضی نیلام کر دی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر کے خلاف القادر ٹرسٹ نیب ریفرنس میں جائیداد نیلامی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ پیر کے روز القادر ٹرسٹ کیس کے 3 اشتہاری ملزمان کی بنی گالا میں موجود ایک جائیداد نیلام کردی گئی۔

موہڑہ نوربنی گالا میں 405 کنال زرعی اراضی فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار میں نیلام کردی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی خان اور دیگر کمیٹی ممبران کی موجودگی میں نیلامی ہوئی۔ کلب روڈ کے سولہ کنال کے موٹل کے پلاٹ اور دو سواڑتالیس کنال زرعی زمین کی بولی میں کسی نے حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

نیلامی کا وقت صبح گیارہ بجے مقرر تھا لیکن آکشن کمیٹی پانچ بجکر انتالیس منٹ پر پہنچی جب کہ اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ کی جانب سے نیلامی کا اشتہار جاری کیا تھا ۔

اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ کی جانب سے نیلامی کے جاری اشتہار میں کہا گیا تھا کہ نیلامی میں عمران خان کی موضع موہڑہ نور کی جائیداد کو پیش کیا جائے گا، نیلامی میں 248 کنال 8 مرلے رقبہ اور 405 کنال 3 مرلے رقبہ نیلام کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اشتہار کے بعد یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کو بھی نیلام کیا جا رہا ہے۔ تاہم بعد ازاں اس کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی گئی کہ بنی گالہ کے علاقے میں موجود عمران خان کی صرف زرعی اراضی کو نیلام کیا جا رہا ہے۔
                                
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات