کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدار ت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

پیر 11 اگست 2025 20:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدار ت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس و انتظامیہ تمام اضلاع میں اس پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اجلاس میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر تیاریوں، سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی امن کمیٹیوں، شیعہ علماء، اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مشی واک کے انعقاد کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔ اٹک میں 98 فیصد، راولپنڈی میں 93 فیصد، جبکہ مری اور دیگر علاقوں میں 70 سے 80 فیصد سٹیک ہولڈرز نے اس فیصلے کی تائید کی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مجالس میں شرکت کے خواہشمند زائرین کو پیدل جانے کے بجائے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے لیے راولپنڈی انتظامیہ نے 15 سے 20 بسوں کا مطالبہ کیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے واضح کیا کہ اگر کسی جگہ قدیمی مشی واک کا انعقاد کرنے کی کوشش کی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے پولیس اور سول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ سیکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد اور داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے ڈویژن بھر میں جشن آزادی کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ 14 اگست کو شاندار اور پرامن تقریبات منعقد کی جائیں۔جشن آزادی کی خوشی اس بار معرکہ حق کی وجہ سے دوبالا ہو چکی ہے اس لئے ہمیں اس کو بھر پور جوش و جذبے سے منانا ہے۔

متعلقہ عنوان :