معروف پاکستانی نیوزی لینڈر فٹبالر حارث زیب رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے

پیر 11 اگست 2025 22:11

کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 میں کسی بھی پاکستانی کی جانب سے پہلی مرتبہ شرکت کرنے والے پاکستانی نیوزی لینڈر فٹبالر حارث زیب رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے،ان کی شادی عمارہ افغان سے طے پائی ہے جن کا تعلق آکلینڈ کی ایک مسلم فیملی سے ہی- حارث زیب کی شادی کی تقریبات نیوزی لینڈ کے دو بڑے شہروں آکلینڈ اور کرائسٹ چرچ میں منعقد کی گئیں- شادی کی تقریبات کا آغاز مہندی کی رسم سے شروع ہوا جو میرین کلب ہاربر برج آکلینڈ کے ایک خوبصورت ہال میں منعقد کی گئی جس میں دونوں فیملیوں کے علاوہ عزیز و اقارب نے شرکت کی- مہندی کی رسم پاکستانی کلچر کے مطابق ادا کی گئی- حارث زیب کی شادی کی رخصتی کی تقریب آکلینڈ کے ایک خوبصورت علاقے مشن بے میں سمندر کے کنارے پر واقع اکاہو بے وارف کے ایک ہال میں منعقد ہوئی- شادی کی تقریب کی مناسبت سے ہال کو خوبصورت پھولوں اور جگمگاتی لائٹوں سے سجایا گیا تھا سمندر کے کنارے پر واقع ہونے کی وجہ سے ہال کے سامنے سے آکلینڈ سٹی کا دل کو موہ لینے والا نظارہ شادی کی تقریب کو چار چاند لگائے ہوئے تھا- شادی کی تقریب میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کے علاوہ حارث زیب کے ساتھ آکلینڈ سٹی فٹ بال کلب میں کھیلنے والے ساتھی کھلاڑیوں اور کلب کوچز نے بھی شرکت کی- اس موقع پر دولہا اور دلہن نے عروسی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے اور دونوں بہت ہی خوبصورت لگ رہے تھی- ہال میں داخل ہونے پر شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی جانب سے تالیاں اور بچوں کی جانب سے پھول برسا کر دلہا اور دلہن کا بھرپور استقبال کیا گیا- سب سے پہلے سنت نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) کے طریقہ کے مطابق نکاح اور حق مہر ادا کیا گیا جس کے بعد نئے جوڑے کے لیے دنیا اور آخرت کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا-نکاح کے بعد مشرقی روایات کے مطابق دیگر رسومات ادا کی گئیں اور دلہن کو رخصت کیا گیا- اس موقع پر دلہن کی فیملی کی جانب سے مہمانوں کی روایتی اور لذیذ کھانوں سے تواضع کی گئی- رخصتی کی تقریب کے ایک ہفتے کے بعد کرائسٹ چرچ میں حارث زیب کی فیملی کی جانب سے ولیمے کی ایک بہت بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کرائسٹ چرچ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ حارث زیب کے بچپن کے دوستوں' اور اس کے مقامی فٹبال کلب کے کوچز اور دیگر دوست احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی- ولیمے کی تقریب میں حارث زیب کے والد اورنگزیب اور ان کی والدہ سجادہ زیب نے معزز مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر پرتپاک استقبال اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ولیمے کی تقریب کے موقع پر بھی حارث زیب اور اس کی دلہن نے خوبصورت لباس زیب تن کیے ہوئے تھے جس میں وہ بہت خوبصورت لگ رہے تھے اور مہمانوں نے بھی ان کے لباس کو بے حد پسند کیا- اور اس موقع پر حارث زیب کے بچپن کے دوستوں اور اس کے فٹبال کوچز نے حارث زیب کے ساتھ بتائے گئے دنوں پر اپنے خیالات کے ذریعے یاد تازہ کی اور جوڑے کو زندگی کے نئے سفر پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا- اس موقع پر بھی دونوں فیملیوں کی جانب سے پاکستانی روایات کے مطابق دیگر رسومات ادا کی گئیں- اس موقع پر ولیمے کی تقریب میں آئے ہوئے مہمانوں نے دلہا اور دلہن کو تحائف بھی پیش کیی- تقریب کے آخر پر زیب فیملی کی جانب سے مہمانوں کی پاکستانی کھانوں اور چائے سے تواضع کی گئی اور شادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا- شادی کی خوشی کے موقع پر حارث زیب کے دوستوں اور نوجوان پاکستانیوں نے پاکستان کے روایتی گانوں پر بھنگڑا اور ڈانس بھی کیا-