خیبرپختونخوا کو سرسبز بنانے کا مشن،جشنِ آزادی و معرکہ حق کے تحت خصوصی شجرکاری مہم جاری

پیر 11 اگست 2025 22:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) بونیر فارسٹ ڈویژن کے زیر اہتمام دارالعلوم ترجمان القرآن بونیر میں شجرکاری تقریب منعقد ہوئی جس میں علما کرام، طلبہ اور محکمہ جنگلات کے افسران نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کو سرسبز و شاداب بنانے کے مشن کے تحت محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کے عملی اقدامات جاری ہیں ، اس حوالے سے جشنِ آزادی اور ہفتہ معرکہ حق کی مناسبت سے خصوصی شجرکاری مہم کے تحت منعقدہ تقریبات میں محکمہ جنگلات کے افسران،تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، طلبہ، ضلعی انتظامیہ، علما کرام اور مقامی لوگ بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

اس مہم کا مقصد نہ صرف نوجوان نسل میں درختوں کی اہمیت اجاگر کرنا ہے بلکہ یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم، بالخصوص طلبہ اور بچوں میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا بھی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دارالعلوم کے احاطے میں امرود، سیب، مالٹا اور دیگر اقسام کے پھلدار پودے لگائے گئے جبکہ مقامی لوگوں میں بھی پودے تقسیم کیے گئے۔اسی طرح صوابی فارسٹ ڈویژن میں بھی شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی عمائدین، فلاحی تنظیموں کے نمائندوں اور محکمہ جنگلات کے افسران شریک ہوئے۔

تقریب میں شرکا نے پھلدار پودے لگائے اور مزید شجرکاری کے لیے پودے تقسیم کیے گئے۔مزید برآں، شرینگل دیر، عبدالولی خان یونیورسٹی کیمپس دیر لوئر، درازندہ جنوبی وزیرستان، ایبٹ آباد، سوات اور ملاکنڈ فارسٹ ڈویژنزسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شجرکاری تقریبات منعقد ہوئیں جن کا مقصد صوبے میں سرسبز ماحول کا فروغ، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچاؤ ہے۔محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام یہ خصوصی شجرکاری مہم 14 اگست تک جاری رہے گی جس میں ہزاروں پودے لگائے جائینگے۔