الیکشن کے نام پر سلیکشن ہوتی ہے، لٹیروں کا ایک ٹولہ جاتا ہے تو دوسرا آجاتا ہے

ناجائز دولت اکٹھی کرنے والوں کو اقتدار سونپ کر بالادست بنا دیا جاتا ہے، سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے عوام کو مرضی کے نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم کررکھا ہے۔ سیکریٹرجنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 اگست 2025 19:22

الیکشن کے نام پر سلیکشن ہوتی ہے، لٹیروں کا ایک ٹولہ جاتا ہے تو دوسرا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اگست 2025ء) سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے بار بار ملکی اقتدار پر قبضہ کرکے عوام کو اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم کر رکھا ہے۔ الیکشن کے نام پر سلیکشن ہوتی ہے۔ لٹیروں کا ایک ٹولہ جاتا ہے تو دوسرا آجاتا ہے۔یہ ایک ہی کلب کے لوگ ہیں جو باری باری ملک کو لوٹ رہے ہیں۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں حلقہ لاہور کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈووکیٹ اورناظم شعبہ تربیت حافظ سیف الرحمن بھی موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہا کہ عدلیہ اور آئین کی حکمرانی کے خلاف اسٹیبلشمنٹ، وڈیروں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کاہمیشہ اکٹھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

78سال میں تیس سال فوج اور باقی عرصہ نام نہاد جمہوری حکمرانی رہی مگر کسی حکومت کو بھی عوامی حکومت نہیں کہا جاسکتا۔ عوام کو اپنی مرضی کے حکمران منتخب کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ اپنی مرضی کے لوگوں کو مسلط رکھیں۔ ملک میں غربت،بے روزگاری اور بد امنی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں لئے پھرتے ہیں مگر کسی کو روز گار نہیں مل رہا جس سے وہ مایوس ہوکر ملک چھوڑ رہے ہیں اور غیر قانونی راستے اختیار کرنے کی وجہ سے سمندروں میں ڈوب کر اپنی جانیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلانے کی بات کی۔ملک کو اس کے نظریے کے مطابق چلانے کیلئے قرارداد مقاصد پاس کروائی۔ قرار داد مقاصد سے ہی ملک کی سمت متعین ہوئی اور 56ء 62ء اور 73 کے آئین میں قرآن و سنت کی بالادستی کو تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف جماعت اسلامی ملک کو دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی خدمتگار قیادت دے سکتی ہے۔

مزید برآں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور مفادات کے اسیر حکمرانوں نے آئین کا تقدس پامال اور جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط کررکھی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہو کر اقتدار تک پہنچنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔سول ملٹری گٹھ جوڑ نے قوم کو سخت مایوس کیا ہے۔ ہائبرڈ نظام سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ حالات کو بدلنے کیلئے قومی سطح کی تحریک کی اشد ضرورت ہے اور یہ ضرورت صرف جماعت اسلامی پوری کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں حلقہ لاہور کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈووکیٹ اورناظم شعبہ تربیت حافظ سیف الرحمن بھی موجود تھے۔