؁تحصیل کاریزات کے تمام راستے خستہ حال ہیں خاص کر خانوزئی سے سرخاب پشین تک کے راستے انتہائی خراب ہیں اور استعمال کے قابل نہیں

پیر 11 اگست 2025 23:10

!پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی تحصیل کاریزات تحصیل کمیٹی کا اجلاس ضلع ایگزیکٹیورکن ڈاکٹر حبیب الحق بازئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔کمیٹی اجلاس سے ضلع سینئر معاون سیکرٹری حاجی اکبر صاحب ، رابطہ سیکرٹری علی محمد کلیوال ، ضلع معاون ملک اقبال اور تحصیل اطلاعات سیکرٹری محمد دین بازئی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل کاریزات میں عوام انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، بجلی نہ ہونے کے باعث ایک جانب گھریلو صارفین مشکلات سے دوچار ہیں دوسری جانب بجلی کی بندش سے زراعت کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

تحصیل نانا صاحب، تحصیل کاریزات اور تحصیل بوستان کے زمینداروں کوابھی تک پوری رقم کی فراہمی نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

زمینداروں پر بجلی بند کردی گئی ہے ، شدید گرمی میں تمام فصلات خراب ہورہے ہیں ۔ حکومت جلد از جلد زمینداروں کو بجلی فراہم کرنے اور وعدے کے مطابق سولر سسٹم پر تبدیل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کاریزات کے تمام راستے خستہ حال ہیں خاص کر خانوزئی سے سرخاب پشین تک کے راستے انتہائی خراب ہیں اور استعمال کے قابل نہیں۔

حکومت کاریزات کے تمام راستوں کی مرمت اور انہیں سفر واستعمال کے قابل بنائے۔ رہنمائوں نے کہاکہ انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے طالب علموں کی آن لائن کلاسز شدید متاثر ہورہی ہے جس کی وجہ سے طلباء کا تعلیمی کورس متاثر ہورہا ہے انٹرنیٹ کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کاریزات ، تحصیل نانا صاحب، تحصیل بوستان کے اکثر سکولوں میں سٹاف کی کمی کو دور کیا جائے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تنظیمی سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جاری جہدوجہد میں کسی قسم کی غفلت یا کاہلی نہ برتے ۔ فعال ومنظم تنظیم کے ذریعے ہی ہم اپنی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار بناسکتے ہیں