''ستھرا پنجاب پروگرام'' وزیر اعلیٰ پنجاب کا ماحول دوست اور عوامی فلاحی منصوبہ ہے ، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیراقبال چنڑ

پیر 11 اگست 2025 23:30

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ ''ستھرا پنجاب پروگرام'' وزیر اعلیٰ پنجاب کا ماحول دوست اور عوامی فلاحی منصوبہ ہے جس کی کامیابی دراصل صوبے کے صاف ستھرے ماحول اور عوامی صحت کی کامیابی ہے، عوام کو چاہیے کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی سماجی اور شہری ذمہ داریاں پوری کریں، وہ بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ''ستھرا پنجاب پروگرام'' کے حوالے سے دی گئی بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نعیم اختر، کمپنی سیکریٹری،چیف فنانشل آفیسر، سینئر منیجر آپریشنز سمیت دیگر افسران موجود تھے، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد پنجاب کے دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو شہری معیار کے برابر لانا ہے، اس سلسلے میں صوبے بھر میں صفائی کی خدمات آؤٹ سورس کر کے پرائیویٹ کنٹریکٹرز کے سپرد کر دی گئی ہیں، بہاولپور ڈویژن کی 14 تحصیلیں آؤٹ سورس ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ شہر میں صفائی کے انتظامات کمپنی بتدریج سنبھال رہی ہے اور مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے سٹاف کی حاضری روزانہ کے آپریشنز، گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور ویٹ برج سسٹم کی نگرانی کی جا رہی ہے، اب تک ڈویژن بھرسے 5 لاکھ 30 ہزار ٹن سے زائد کچرا تلف کیا جا چکا ہے جبکہ ہیلپ لائن اور آن لائن پورٹلز کے ذریعے موصول ہونے والی 36 ہزار سے زائد شکایات حل کی جا چکی ہیں، ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصاً گزشتہ عیدالاضحی کے موقع پر بہترین ٹیم ورک اور مؤثر صفائی انتظامات قابلِ تعریف ہیں۔

انہوں نے کمپنی مینجمنٹ اور سینیٹری اسٹاف کو شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سرِعام کوڑا پھینکنے والوں کی حوصلہ شکنی کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے، بازاروں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مرکزی انجمن تاجران کے ساتھ مشترکہ دورے کیے جائیں اور شہری و دیہی علاقوں میں خصوصی سرویلنس ٹیم تشکیل دے کر سرپرائز وزٹس کو یقینی بنایا جائے۔