شیری رحمن کی اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی میں صحافیوں کے خیمے پر بمباری مذمت

اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی میں صحافیوں کا قتل سچ کو دبانے کی بزدلانہ کوشش ہے، نائب صدر پیپلز پارٹی

منگل 12 اگست 2025 00:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی میں صحافیوں کے خیمے پر بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی میں صحافیوں کا قتل سچ کو دبانے کی بزدلانہ کوشش ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ اسرائیل صحافیوں کو خاموش کرکے ظلم پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے، غزہ میں سچ لکھنے اور دکھانے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ الجزیرہ کے بہادر صحافیوں نے سچائی کی قیمت اپنی جان سے ادا کی، صحافت کا گلا گھونٹ کر اسرائیل دنیا کو اندھیرے میں رکھنا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ انس الشریف جیسے صحافیوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھی جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل کی بمباری میڈیا کو خاموش کرنے کی خوفناک سازش ہے، غزہ میں ہر شہید صحافی سچائی کا پرچم بلند کر کے گیا ہے، صحافت کو خاموش کر کے اسرائیل اپنا ظلم نہیں چھپا سکتا۔انہوںنے کہاکہ اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید صحافیوں کی تعداد 237 ہو چکی ہے، عالمی برادری کو اب اسرائیلی مظالم کے خلاف ایکشن لینا ہوگا۔