بشریٰ انصاری کو امیتابھ کی جراب اور لتا منگیشکر کی ساڑھی سے متعلق بات پر تنقید کا سامنا

وہ خود لیجنڈری اداکارہ ہیں، انہیں اس طرح کی چھوٹی باتیں کرنے سے گریز کرنا چاہیے،صارفین

منگل 12 اگست 2025 10:40

بشریٰ انصاری کو امیتابھ کی جراب اور لتا منگیشکر کی ساڑھی سے متعلق بات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)سینئر اداکارہ بشری انصاری کو بھارتی آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر کی ساڑھی اور لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی جراب سے متعلق کی گئی بات پر تنقید کا سامنا ہے، صارفین نے ان کے بیان کو سستی شہرت حاصل کرنے کا طریقہ قرار دے دیا۔بشری انصاری اور ان کی بہن اسما عباس حال ہی میںنجی ٹی وی کے پنجابی پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کی ساڑھی پہننے سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ انہوں نے میڈم نورجہاں کی بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں ملکہ ترنم کی کوئی ساڑھی دے دیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی فرمائش پر ملکہ ترنم کی بیٹیوں نے انہیں دو ساڑھیاں دیں، جس میں سے ایک ساڑھی پر مٹی لگی ہوئی تھی اور انہوں نے مذکورہ ساڑھی کو پلاسٹک کی پیکنگ میں محفوظ کرکے رکھ دیا۔

(جاری ہے)

بشری انصاری کے مطابق انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کی پہنی ہوئی ایک ساڑھی پہنی بھی تھی، جس پر ان کی تعریفیں ہوئیں اور ان کے ایک دوست نما مداح نے ان سے شکوہ کیا کہ انہوں نے ملکہ ترنم کی ساڑھی پہنی لیکن لتا منگیشکر کی نہیں پہنی-اداکارہ کا کہنا تھا کہ مداح نما دوست کے شکوہ پر انہوں نے انہیں کہا کہ وہ تو چاہتی ہیں کہ کوئی انہیں لتا منگیشکر کی ساڑھی لاکر دے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں بیشک لتا منگیشکر کی وہ ساڑھی لاکر دی جائے، جس سے ان کے اہل خانہ نے پونچھا مارا ہو، وہ اس ساڑھی کو بھی پہن لیں گی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد ازاں لتا منگیشکر بیچاری فوت ہی ہوگئی جب کہ انہوں نے مداح نما دوست سے کہا کہ وہ تو چاہتی ہیں کہ کوئی انہیں امیتابھ بچن کی ایک جراب(موزا)بھی لاکر دے۔

بشری انصاری کے مطابق انہوں نے مداح نما دوست کو کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں کوئی امیتابھ بچن کی دو نہیں بلکہ ایک ہی جراب بھی لاکر دے۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی جانب سے امیتابھ بچن کی ایک جراب کی فرمائش پر ان کے مداح نما دوست ہنس پڑے۔بشری انصاری کو لتا منگیشکر کی ساڑھی اور امیتابھ بچن کی جراب کے حوالے سے دیے گئے مذکورہ بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں بھی لیا اور ان پر توجہ حاصل کرنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔زیادہ تر صارفین نے لکھا کہ وہ خود لیجنڈری اداکارہ ہیں، انہیں اس طرح کی چھوٹی باتیں کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔