Live Updates

حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے اب تک 15 ارب ڈالرز سے زائد کے نقصان کا اندازہ ہے

تباہی اس قدر شدید ہے کہ اس سے نمٹنا آسان نہیں، عالمی برادری سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، سینیٹر محمد عبدالقادر

جمعہ 29 اگست 2025 21:00

حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے اب تک 15 ارب ڈالرز سے زائد کے نقصان کا اندازہ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ اس وقت پورا ملک شدید بارشوں اور خوفناک سیلاب میں گھرا ہوا ہے خصوصا پنجاب میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، بستیوں کی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئی ہیں ایک ہزار سے زائد لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں لا تعداد لوگ لا پتہ ہیں لاکھوں لوگوں بے گھر ہو چکے ہیں، ہزاروں جانور اور لوگوں کا قیمتی سامان سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے، حالیہ سیلاب گزشتہ سال آنے والے سیلاب سے کہیں زیادہ تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے اب تک 15 ارب ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے، حالیہ سیلاب سے آنے والی تباہی اس قدر شدید ہے کہ اس سے نمٹنا آسان نہیں ہوگا لہذا عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرنے کہا کہ وسیع رقبے پر پھیلے سیلاب کی وجہ سے متاثرین ملیریا،ڈینگی، اسہال کے علاوہ آنکھوں اور جلدی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں بچوں میں اسہال، ملیریا اور ڈینگی کی وجہ سے ہلاکتوں کا احتمال ہے اس تشویش ناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو فوری فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ سیلاب کی مزید سنگینی سے بچا جا سکے اگرچہ صحت کے امدادی کیمپ جا بجا کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں لیکن سیلاب کی صورتحال کو دیکھتے ہوے یہ امدادی کارروائیاں بہت ناکافی ہیں حکومت کو اس سلسلے میں زیادہ متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ خوراک اور علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہی. یہاں تک کہ جو جانور ڈوبنے سے بچا لئے گئے ہیں انکے چارے کا بندوبست بھی کرنا ہوگا ۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات