Live Updates

پاکستان میں سیلاب بھارت کی آبی جارحیت ہے، عالمی عدالت سے رجوع کیا جائے

حکمران ہیلی کاپٹرز، کشتیوں پرسفر کی بجائے متاثرین کی بحالی پر توجہ دیں ، چچا اور بھتیجی قوم کا خیال کریں اور متاثرہ افراد کو ریلیف دیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا گردوارہ کرتارپور، پسرور کا دورہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 اگست 2025 21:17

پاکستان میں سیلاب بھارت کی آبی جارحیت ہے، عالمی عدالت سے رجوع کیا جائے
سیالکوٹ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 29 اگست 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان،  بھارت کی سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اور آبی جارحیت پر عالمی عدالت سے رجوع کرے۔ انھوں نے کہا حکمرانوں کو نمائشی اقدامات کی بجائے سیلاب زدگان کی فوری مدد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر جماعت اسلامی حکومت سے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے تاہم حکمرانوں کو بھی ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں پر سفر کی بجائے عملی کام پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

چچا اور بھتیجی قوم کا خیال کریں اور متاثرہ افراد کو ریلیف دیں۔
سیالکوٹ اور نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر انھوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کی۔

(جاری ہے)

امیر وسطی پنجاب جاوید قصوری، نائب صدر الخدمت پاکستان ذکراللہ مجاہد، ڈائریکٹر جنرل الخدمت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان، صدر الخدمت پنجاب اکرام الحق سبحانی اور صوبائی سیکرٹری جماعت بابر رشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 
امیر جماعت اسلامی نے دورہ ایران سے کراچی واپسی کے بعد تمام سرگرمیاں معطل کرکے پسرور اور کرتارپور کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقاتیں کی اور علاقوں میں موجود جماعت اسلامی اور الخدمت پاکستان کے امدادی کیمپس گئے۔ گردوارہ کرتارپور خصوصی دورہ کے موقع پر انہوں نے سکھ کمیونٹی کے افراد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ امیر جماعت اسلامی نے سکھوں کی مقدس عبادت گاہ پر الخدمت کو فوری طور پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کی ہدایات جاری کیں۔

انھوں نے کہا سکھ برادری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ زائرین اور مقامی افرادکی ضروریات کو جماعت اسلامی پورا کرے گی۔ انہوں نے سکھ برداری کے نوجوان کو بھی الخدمت کا رضاکار بننے کی اپیل کی۔ 
کرتاہور گردوارہ انتظامیہ نے مشکل گھڑی میں آمد پر حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ اداکیا۔سابقہ ممبر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی اندرجیت سنگھ نے امیر جماعت اسلامی کو گردوارہ کے متاثرہ حصوں کا دورہ کرایا۔

حافظ نعیم الرحمن نے پسرور، کرتارپور سمیت پنجاب کے تمام علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے ہمدردی اور نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پیغام دیا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت متاثرین کے بحالی کے عمل پر مکمل توجہ مرکوز رکھے گی۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آبی جارحیت کے بعد پروپیگنڈہ بھارت کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد انہیں محسوس ہوا ہے کہ حکومت کی امدادی سرگرمیوں کا اثر کہیں نظر نہیں آرہا۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت اشتہارات سے کام چلانے کی بجائے پیسہ قوم پر خرچ کرے۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوام کی مدد کے لیے حکومتی مشینری بروقت کیوں حرکت میں نہیں آتی۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پہلے سے انتظام کیوں نہیں کیا جاتا۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن ہر متاثرہ جگہ پر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ الخدمت کے رضا کار خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے الخدمت کا رضاکار بننے کی اپیل کی۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات