Live Updates

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کا سیلاب متاثرین کیلئے 3ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان

ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے 3ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائےگی، یہ امداد حکومت پاکستان کی درخواست پر دی جارہی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 اگست 2025 21:48

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کا سیلاب متاثرین کیلئے 3ملین ڈالر کی ہنگامی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 29 اگست 2025ء ) ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے سیلاب متاثرین کیلئے 3ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کردیا ہے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساٹوکانڈا نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جانی نقصان پر تعزیت کی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے 3 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائےگی، یہ امداد حکومت پاکستان کی درخواست پر دی جارہی ہے۔

صدرایشیائی ترقیاتی بینک ماساٹوکانڈا نے کہا کہ پاکستان اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، سیلاب  نے خاندانوں اور برادریوں کو بےگھر کر دیا ہے، اےڈی بی اس بحرانی صورتحال میں مضبوطی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے صدر ماساتو کانڈا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

اے ڈی بی کے آٹھ رکنی وفدمیں چیف ایڈوائزر کیئیچیرو انوئی، سینئر ایڈوائزر جان جوہون جیونگ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر نوراحمد، ڈائریکٹر جنرل لیا سی گوتیرز، کنٹری ڈائریکٹر ایمافین، ڈی ڈی جی کیتھی مارش شامل تھے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کا خیر مقدم کیا اور خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں پنجاب کی ڈویلپمنٹ سے متعلق امور پر گفتگوہوئی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں ایشین ڈویلپمنٹ کی معاونت کو قابل قدر قرار دیا۔ پنجاب میں موسمیاتی موافقت کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شہری اور دیہی انفراسٹرکچر کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اے ڈی بی کے ساتھ ٹرانسفارمیٹو موبیلیٹی اور کلین انرجی منصوبوں پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو پاکستان کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی اداروں جیٹرو، جائیکا اور میٹی کے ساتھ ورکنگ ریلیشنز کا ذکر کیا۔ پنجاب اے ڈی بی کی نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 2026-2035ء کو اہم قرار دیتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات