موجودہ حکومت میں پانی کے ذخائرنہیں بلکہ پیسا بنانے والے لوگ ہیں

موجودہ حکومت کے پاس ڈیمز بنانے کا مینڈیٹ ہی نہیں، کوئی بھی ان کے ساتھ نہیں بیٹھے گا، پی ٹی آئی کسی کام میں حکومت کا ساتھ نہیں دے گی، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی ڈاکٹر بابر اعوان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 اگست 2025 23:42

موجودہ حکومت میں پانی کے ذخائرنہیں بلکہ پیسا بنانے والے لوگ ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 29 اگست 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں پانی کے ذخائرنہیں بلکہ پیسا بنانے والے لوگ ہیں، موجودہ حکومت کے پاس ڈیمز بنانے کا مینڈیٹ ہی نہیں، کوئی بھی ان کے ساتھ نہیں بیٹھے گا، پی ٹی آئی کسی کام میں حکومت کا ساتھ نہیں دے گی۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے حلف لینے کے بعد 7دنوں میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کی زمینوں کوقانونی حیثیت کی منظوری دی اوراین اوسی دیا۔

ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے چلانے والے اتنے طاقتور ہیں کہ ان کا کوئی نام نہیں لے سکتا، ایشو یہاں نہیں جہاں بھینسوں والا یا کوئی عام لوگ بیٹھے ہیں، ایشو وہاں ہیں جہاں بڑے لوگوں کی شوگر ملز اور زمینیں ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے ہاں جنگلات یومیہ کی بنیاد پر کاٹے جاتے لیکن جنگلات سالانہ بنیاد پر بھی نہیں اگائے جاتے۔ بابر اعوان نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت پانی کے ذخائر بنانے والی نہیں بلکہ پیسا بنانے والے ہیں، اسلام آباد میں ساری سڑکیں اور پل بیٹھ گئے، لاہور میں بھی ن لیگ وہ چیز بناتے جس میں ایک سال میں پیسا خرچ کرکے کما لیا جائے ۔

ڈیمز بنانے کیلئے ایک سنجیدہ کوشش ہونی چاہیئے۔ موجودہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں کوئی بھی ساتھ نہیں بیٹھے گا، پی ٹی آئی کسی کام میں حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی، یہ خود کو ڈیم فول بنا سکتے لیکن ڈیم نہیں بنا سکتے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو یقینی طور پر ڈیمز کی ضرورت ہے، اس وقت ملک میں 35دنوں کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے، اگر ہمارے ڈیمز میں پانی ہو، جب منگلا اور تربیلا ڈیم بنا لئے تو 17ملین ایکڑ فٹ پانی سٹوریج میں دستیاب ہوتا تھا ، لیکن ہمارا پانی پہاڑوں سے آتا ہے اس میں مٹی بھی ہوتی ہے تو اس طرح ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کم ہوکر 13.3ملین ایکڑ فٹ رہ گئی ہے،ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کم ہوتی جارہی ہے، دوسری طرف ہماری پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت کتنی ہے، ایک اسٹڈی کی تھی جس کے تحت ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 60دن کی ہونی چاہیئے، لیکن ہمارے پاس اس وقت ملک میں 35دنوں کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے۔