شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ،19ٹرک سامان ضبط

ضلعی انتظامیہ کی اہم کارروائیوں میں 418تجاوزات ،608غیر قانونی بینرز ہٹا دیئے گئے

منگل 12 اگست 2025 15:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے ،24گھنٹوں میں 19ٹرک سامان ضبط کرلیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق لاری اڈا، داتا دربار اور جی ٹی روڈ سمیت کئی علاقوں کو تجاوزات سے صاف کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی اہم کارروائیوں میں 418تجاوزات اور 608غیر قانونی بینرز ہٹا دیئے گئے۔ فیلڈ آپریشنز میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل کی سربراہی میں جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

ایم او آر کاشف جلیل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں، ہماری ٹیمیں شہر کے ہر کونے میں متحرک ہیں، عوامی راستے کلیئر کرائے جا رہے ہیں، دکانداروں کا فٹ پاتھوں پر رکھا سامان ضبط کیا جا رہا ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے تک آپریشن جاری رہے گا، لاہور سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے، آپریشن کا مقصد شہریوں کو کشادہ سڑکیں اور راستے فراہم کرنا ہے، قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آپریشنز میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہور کو تجاوزات سے پاک کیا جا رہا ہے۔