ترکی کے صوبہ چناق قلعہ میں خوفناک جنگلاتی آگ، سیکڑوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

آگ بجھانے کے لیے تقریبا 700 اہلکار، درجنوں گاڑیاں، فائر ٹرک، طیارے اور ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے

منگل 12 اگست 2025 16:52

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)ترکی کے شمال مغربی صوبے چناق قلعہ کے مرکزی علاقے میں پیر کے روز خوفناک جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی جو تیز ہوائوں کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔ مقامی حکام اور میڈیا کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ سیکڑوں افراد کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی گورنر عمر تورامان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے تقریبا 700 اہلکار، درجنوں گاڑیاں، فائر ٹرک، طیارے اور ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں۔ آگ کے خطرے کے پیشِ نظر ایک یونیورسٹی کیمپس، رہائشی علاقے اور فوجی تنصیبات کو خالی کرایا گیا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ایمرجنسی گاڑیاں باآسانی آمدورفت کر سکیں۔ریسکیو کارروائی کے دوران شہر کا ایئرپورٹ، اہم شاہراہ کا کچھ حصہ اور آبنائے داردانیلز کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی، تاہم سورج غروب ہونے کے بعد یہ دوبارہ کھول دی گئیں۔