لینڈ اسکیپنگ کے شعبے میں کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،غلام مرتضیٰ

منگل 12 اگست 2025 17:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین ہارٹیکلچر نے کہا کہ رہائشی کالونیوں اور شہری آبادی میں تیزی سے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے لینڈ اسکیپنگ کے شعبے میں کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جس سے استفادہ کر کے معاشی ترقی اور نئے روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آلودگی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ ''تھری ڈی لینڈ اسکیپ ڈیزائن فار انٹرپرینیورز'' کے دوران خطاب کیا۔ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ لینڈ اسکیپ ڈیزائن میں مہارت سے آراستہ افراد کے لئے موجودہ دور میں معاشی ترقی کے بے پناہ وسائل پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرین اسٹریٹجی اپنانے کے ساتھ ساتھ مٹی کی صحت کا تجزیہ بھی ناگزیر ہے کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ مٹی کی صحت اور زرخیزی میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اگر اس کے لئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے سالوں میں سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار نے کہا کہ پیشہ ورانہ لینڈ اسکیپ ڈیزائن اور دیکھ بھال کی مانگ، خاص طور پر شہری علاقوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا متنوع موسمی نظام پھلوں، سبزیوں اور آرائشی پودوں کی مختلف اقسام کی کاشت کے لیے موزوں ہے۔ڈاکٹر عدنان یونس نے کہا کہ شہروں میں پھیلاؤ کے ساتھ لینڈ اسکیپنگ ماہرین کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین ایریا میں اضافہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ اسکیپ ماہرین ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں جو عوام کو روزمرہ کی یکسانیت اور ذہنی دباؤ سے نجات دلانے کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ وہ فطرت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ورکشاپ میں ڈائریکٹر فلوریکلچر لاہور منور حسین الماس، فروا بتول، ڈاکٹر مزمل اعجاز اور ڈاکٹر عمیر شفیق نے شرکت کی