وکلاء کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آرز 15اگست تک ختم ، ورنہ ہڑتال کی کال دیں گے‘ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل

منگل 12 اگست 2025 19:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے کہا ہے کہ دوسال سے وکلا ء سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا ہے ،وکلا پر سیون اے ٹی اے کے تحت اورجھوٹی ایف آئی آرز کا اندراج کیا جارہا ہے ، گھروں پر چھاپے ما ر کر چادر اورچار دیواری کا تقدس پامال کرنا معمول بنا لیا گیاہے ،15اگست تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر وکلا ء کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آر زختم نہ کی گئیں تو ملک بھر میں ہڑتال کی کا ل دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوںنے پنجاب بھر کی بارز کے صدور،جنرل سکرٹریز اور وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ بار اور پنجاب بار کونسل کے الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کئے گئے ہیں، کیو سہولت کے تحت ہزاروں وکلا ء کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ،اسے نادرا کے ساتھ منسلک کر دیں گے تاکہ جعلی ووٹرزکا خاتمہ اور الیکشن کو شفاف بنایا جائے۔اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیع اللہ ناگرہ ،ممبر شمشاد احمد باجوہ ،مظہر بھٹی ، سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سوہل اور دیگر بھی موجودتھے۔