ضلعی انتظامیہ چنیوٹ اور پاک آرمی کے اشتراک سے ہاکی سٹیڈیم میں جشن آزادی کی شایان شان اورپروقار تقریب کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 22:39

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ چنیوٹ اور پاک آرمی کے اشتراک سے ہاکی سٹیڈیم میں جشن آزادی کی شایان شان اورپروقار تقریب کا انعقادکیا گیا۔لیفٹیننٹ کرنل جنید احمد،ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل،ڈی پی او عبداللہ احمد،ارکان صوبائی اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ،مولانا محمد الیاس چنیوٹی،پاک آرمی کے دیگر افسران،ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ شہداء کی فیملیز،تاجرحضرات،میڈیا نمائندگان،اساتذہ،طالب علم اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے دوران ملک علی انس نے ملی نغمہ اے وطن پیارے وطن پاک وطن اے میرے پیارے وطن گایا۔علاوہ ازیں رسہ کشی کا تگڑا ٹاکراہوا ، اسی طرح چنیوٹ کبڈی کلب اور لنگرانہ کی ٹیموں کے مابین کبڈی کا کانٹے دار مقابلہ ہوا۔

(جاری ہے)

کمنٹیٹر نے کبڈی کے روایتی کھیل کی پنجابی زبان میں کمنٹری کرکے حاضرین کو متحرک رکھا۔مہمانان خصوصی نے میدان میں جاکرکبڈی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ،طالب علموں کی تیارکردہ پینٹنگز دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر اور دیگر نے مختلف مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اورمختلف سماجی شعبوں میں بے مثال خدمات انجام دینے والوں میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن آزادی تقریبات زوروشور سے 14 اگست تک جاری رہیں گی۔دریں اثنا جشن آزادی معرکہ حق تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں جشن آزادی کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں گلوکارہ حمیرا ارشد اور رمضان جانی نے وطن سے محبت کے قومی نغمے پیش کئے ۔ ضلعی انتظامیہ نے فیملیز کے لئے خصوصی انتظامات کئے۔فیملیزکی شرکت نے جشن آزادی کی تقریب کو چارچاند لگادیئے۔