یومِ آزادی پاکستان 14 اگست کی مناسبت سے واسا راولپنڈی نے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا

منگل 12 اگست 2025 19:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) واسا کے ہیڈ آفس سمیت تمام فیلڈ آفسز کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ واسا کے دفاتر قومی جذبے کا عملی مظاہرہ پیش کر رہے ہیں اور شہریوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف کے مطابق مری روڈ کلاک ٹاور رحمان آباد سے سید پور روڈ تک سڑک کی تزئین و آرائش کی ذمہ داری واسا راولپنڈی کے سپرد کی گئی اور واسا راولپنڈی نے برقی قمقموں، بینرز، جھنڈیوں سے سجا دیا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ''یومِ آزادی ہمیں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ واسا راولپنڈی اپنے وسائل کے ساتھ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ شہریوں کو بہترین خدمات مہیا کی جائیں۔

(جاری ہے)

''ایم ڈی واسا نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کی وجہ سے اس سال یوم آزادی کی خصوصی اہمیت ہے اس لیے اس واسا راولپنڈی بھی یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کر رہا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف کی خصوصی ہدایات پر ایک جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت نہ صرف دفاتر کی تزئین و آرائش کی گئی ہے بلکہ ماہ آذادی میں شہر بھر میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب کی بہتری کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ واسا اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ یومِ آزادی کے موقع پر عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔ شہری واسا کی ہیلپ لائن 1334 پر شہری اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ ایم ڈی واسا نے اس موقع پر شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قومی دن کے موقع پر پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں اور واسا راولپنڈی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔\378