ڈی جی سپورٹس کی زیر صدارت پہلی نیشنل یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے سپورٹس ایسوسی ایشنز کا اہم اجلاس

خضرافضال چودھری کو سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے کھلاڑیوں کے ٹرائلز بارے رپورٹس پیش کیں

منگل 12 اگست 2025 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت پہلی نیشنل یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے اجلا س میں پنجاب کی 17سپورٹس ایسوسی ایشن ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم، ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین ، محمدحفیظ بھٹی ،پنجاب اولمپک سے ادریس حیدر خواجہ، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن وقاراحمد، ٹیبل ٹینس سے عرفان اللہ، ریسلنگ سے ارشد ستار، باسکٹ بال خالد بشیر ،سیکرٹری ہاکی ایسوسی ایشنز ہارون سعید،بیڈمنٹن سے طیب سہیل، ویٹ لفٹنگ سے عقیل جاوید بٹ، سوئمنگ سے عاطف بھٹی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پہلی نیشنل یوتھ گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی سپورٹس خضرافضال چودھری کو سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے کھلاڑیوں کے ٹرائلز بارے رپورٹس پیش کیں،ڈی جی سپورٹس پنجاب نے تما م عہدیداران اور سپورٹس افسران کوکھلاڑیوں کے ٹرائلز میرٹ پر لینے کی ہدایت کی ۔خضرافضال چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی نیشنل یوتھ گیمز کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جارہا ہے، 22اگست سے تمام گیمز کے کیمپس شروع ہوں گے جو 5ستمبر تک جاری رہیں گے پنجاب کا دستہ 5ستمبر کو بھرپور تیاری کے ساتھ پہلی نیشنل یوتھ گیمزاسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا اور بین الصوبائی قائد اعظم گیمز کی طرح پنجاب پہلی نیشنل یوتھ گیمز میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرے گا۔