بابوزئی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے قامی تڑون کے نام سے جرگہ کا اعلان کردیا گیا

منگل 12 اگست 2025 19:20

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)سوات کی تحصیل بابوزئی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بابوزئی قامی تڑون کے نام سے جرگہ کا اعلان کردیا گیا، بابوزئی قامی تڑون نہ کسی کی ایما پر بنا اور نہ ہی سوات قومی جرگہ کے متوازی جرگہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار بابوزئی قامی تڑون کے مشاورتی کمیٹی کے اراکین واجد علی خان، محمد امین، عرفان چٹان، ارشاد علی خان، اقبال حسین بالے، عبداللہ یوسفزئی، حاجی اسحاق زاہد، فریدون خان، میاں سید نعیم خان، عظمت علی، فضل جلال اور سید علی نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تحصیل بابوزئی اور خاص کر مینگورہ شہر مسائل کی آماہ جگا بن چکا ہے، یہاں معاشرتی جرائم، منشیات فروشی، غیر اخلاقی سرگرمیاں اور علاقائی مسائل جنم لے رہے ہیں جس کے لئے قامی تڑون کا قیام ناگزیر ہوچکا تھا، انہوں نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ یہ جرگہ سرکار یا اسٹبلیشمنٹ کی ایما پر بنا یا گیا ہے یا سوات قومی جرگہ کے مقابلے میں نیا جرگہ تشکیل دیا گیا ہے ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں، انہوں نے واضح کیا امن وامان کی صورت حال ہو اور یا عوامی مسائل کا حل ہو ہم سوات قومی جرگہ سمیت تاجر برادری اور دیگر تنظیموں کے ساتھ ہر محاذ پر ان کے ساتھ شانہ بشانہ رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے جرگے کے کوئی سیاسی عزائم نہیں بلکہ ہر پارٹی اور ہر تنظیم اور سول سوسائٹی کے با کردار افراد اس جرگہ کے رکن بن سکتے ہیں اس جرگہ کے لئے ابتدائی طور پر بارہ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور بہت جلد باہمی مشاورت سے مزید افراد کو جرگہ میں نمائندگی دی جائے گی۔