محکمہ صحت بلوچستان میں ٹیکنالوجی کااستعمال، پہلے دن آرٹیفشل انٹیلی جنس ایپلی کیشن کے ذریعے 4ہزار500ملازمین نے حاضری لگائی

منگل 12 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) محکمہ صحت بلوچستان میں ٹیکنالوجی کااستعمال کے پہلے دن آرٹیفشل انٹیلی جنس موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے باقاعدہ حاضری کاآغاز کیاگیا، 4ہزار500ملازمین نے حاضری لگائی ۔وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں، میڈیکل کالجز اور طبی اداروں میں حاضری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے AI Attendance موبائل ایپ کے ذریعے پہلے ہی دن صوبے بھر میں محکمہ صحت کے 4500 سے زائد ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اور انتظامی عملے نے اپنی حاضری اسی ایپ کے ذریعے درج کی۔

اس نئے نظام کے تحت تمام عملہ صرف AI Attendance موبائل ایپ کے ذریعے حاضری لگائے گا۔ دستی یا غیر منظور شدہ حاضری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور غیر حاضری کی بنیاد پر تنخواہ میں کٹوتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔اس اقدام کا بنیادی مقصد حاضری کے نظام میں شفافیت لانا، اداروں میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور محکمہ صحت میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات کو مزید موثر بنانا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل اقدام سے صوبے کے صحت کے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم پیش رفت ہوگی۔محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اس ایپ کے ذریعے حاضری درج کرنے کے لیے عملہ اپنے موبائل فون سے درج ذیل https://app.aiframs.comلنک استعمال کر سکتا ہے۔