سکھر میں جشن آزادی و معرکہ حق کے تحت اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب

منگل 12 اگست 2025 22:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) سکھر میں جشنِ آزادی و معرکۂ حق کے موقع پر اسپورٹس گالا کی شاندار اختتامی تقریب منعقد کی گئی ۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور کمانڈنگ افسر 82 ونگ لیفٹیننٹ کرنل وقار مسعود نے جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے فٹسال گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کئے۔ سندھ حکومت کے محکمہ سپورٹس کی جانب سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اخلاق میمن کی نگرانی میں 22 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں کرکٹ، کبڈی، باسکٹ بال، فٹبال، شوٹنگ بال، فٹسال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال، تائی کوانڈو، کک باکسنگ، ووشو، آرچری اور ریسلنگ سمیت دیگر کھیل شامل تھے۔

(جاری ہے)

فٹبال کے فائنل میں آزاد ایف سی کلب نے کامیابی حاصل کی، بیڈمنٹن میں مختیار بابر بلو کی ٹیم فاتح رہی، فٹسال میں گلیڈیٹرز کلب اور والی بال میں مہران کلب ٹھیڑی نے میدان مارا جبکہ دیگر کھیلوں میں مختلف ٹیموں اور کھلاڑیوں نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ فاتح کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، ٹاؤن کمیٹیوں کے چیئرمین، سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندے، سکولوں کے طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈنگ افسر 82 ونگ لیفٹیننٹ کرنل وقار مسعود نے کہا کہ شاندار تقریب کے انعقاد پر انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی ہم سب کی اجتماعی فتح تھی۔ ہمیں ہر شعبے میں محنت، لگن اور یکجہتی سے کام کرنا ہوگا تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ تقریب سے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نہ صرف جشنِ آزادی منارہے ہیں بلکہ معرکۂ حق کی یاد کو بھی تازہ کر رہے ہیں۔ یہ وہ معرکہ تھا جس میں پاک افواج نے دشمن کو شکست دے کر پسپائی پر مجبور کیا۔ یہ معرکہ محض ایک دن کا ایونٹ نہیں تھا بلکہ پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔