ڈاکٹر عبدالواجد تبسم کی تصنیف ''من بولتا ہے'' کی تقریب رونمائی

منگل 12 اگست 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) محقق، ادیب و استاد ڈاکٹر عبدالواجد تبسم کی تصنیف ''من بولتا ہے'' کی تقریب رونمائی نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ تقریب رونمائی کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عابد سیال تھے جبکہ صدارت ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کی۔ اس موقع پر نیشنل بک فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

تقریب کی نظامت نازیہ رحمان نے کی۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کتاب کے مصنف ڈاکٹر عبدالواجد تبسم نے کہا کہ یہ کتاب میری دس سالہ محنت کا نچوڑ ہے، جب میں 2014ء میں جبل نور گیا اور 2016ء میں گلگت بلتستان کی ایک کانفرنس میں گیا تو اس کے بعد میں نے اپنی زندگی کے تجربات و مشاہدات کو قلمی شکل دینے کی کوشش شروع کی، میں نے جو کچھ سوچا، محسوس کیا اس کا اظہار الفاظ کی صورت میں کیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی ڈاکٹر عابد سیال نے کہا کہ کتاب کا عنوان بہت خوبصورت ہے، اس سے ایک نیا تاثر پیدا ہو گا اور نوجوانوں کے لئے مفید ثابت ہو گی۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا کہ من بولتا ہے میں فن بولتا ہے جس میں ڈاکٹر عبدالواجد نے زندگی کے تجربات و مشاہدات کو الفاظ میں سمو دیا ہے۔ڈاکٹر سعدیہ عزیز نے کہا کہ ''من بولتا ہے'' محض ایک ادبی مجموعہ نہیں بلکہ انسانی فطرت، معاشرتی مسائل اور زندگی کے تجربات کا معتبر ریکارڈ ہے، امید ہے کہ یہ کتاب قارئین کو نہ صرف علم و آگاہی فراہم کرے گی بلکہ ادب کے ذوق کو بھی مہمیز دے گی۔

معروف صحافی ڈاکٹر سعدیہ کمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ من بولتا ہے 150 صفحات پر مشتمل ہے جس میں 61 مضامین ہیں جو کہ انوکھے اچھوتے اور چونکا دینے والے ہیں، اس میں معاشرے کی تلخیوں، رویوں، منافقتوں، جھوٹ سے پردہ اٹھایا ہے۔ تقریب کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔