فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے زیر اہتمام یوم آزادی وجشن معرکہ حق جوش وجذبے سے منایا جائےگا

بدھ 13 اگست 2025 13:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے زیر اہتمام یوم آزادی وجشن معرکہ حق جوش وجذبے سے منایا جائےگاجس کےلئے مختلف پروگرام ترتیب دےدیئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بتایاکہ جمعرات کی صبح جشن آزادی کے حوالے سے ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں دعائیہ تقریب ہوگی جس میں تحریک آزادی کے شہدا کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی اور ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی قومی یکجہتی، امن و آشتی اور وطن عزیز کی بقا و سلامتی کےلئے خصوصی دعاکی جائے گی ۔

ایف ڈی اے کمپلیکس اور تمام ذیلی دفاتر کو قومی پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایاگیاہے۔ یوم آزادی کی خوشیوں کے موقع پر وطن سے محبت کے جذبات اجاگر کرنے، ملک وقوم کی خدمت کے عہد کی تجدید اور پاکستان کےلئے دعاؤں کی تحریروں پر مبنی بینرز و سٹیمر ز شہر کی مرکزی شاہراہوں ، چوکوں اور دیگر اہم مقامات پر آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

14اگست کو پرچم کشائی کی تقریب ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں ہوگی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا جائےگا۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری جمعرات کی صبح کمشنر آفس فیصل آباد میں منعقدہ قومی پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کریں گے اور جشن آزادی کے دیگر رنگارنگ پروگرامز میں حصہ لیں گے۔