پولی کلینک اور پمز میں چھاتی کے سرطان کی 38ہزار سے زائد خواتین کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی ، وزارت صحت

بدھ 13 اگست 2025 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزارت صحت نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ پولی کلینک اور پمز میں چھاتی کے سرطان کی 38ہزار سے زائد خواتین کو علاج کی سہولت اور ایک لاکھ خواتین کو بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ آسیہ ناز تنولی کے سوال پر وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بتایا گیا کہ فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں چھاتی کے کینسر کی اسکریننگ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران ایف جی پی سی میں 1,991 میموگرافی معائنات اور اب تک 5,000 سے زائد بریسٹ الٹرا ساؤنڈ کیے گئے۔گزشتہ پانچ برسوں میں پمز ، اسلام آباد میں 12,000 مریض میموگرافی اور 20,000 مریض الٹرا ساؤنڈ کے لیے آئے۔

(جاری ہے)

پمز ، اسلام آباد نے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص کے لیے اسکریننگ سے متعلق 1,00,000 خواتین کو آگاہی فراہم کی۔

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ ہسپتال چھاتی کے سرطان کے علاج کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے اس تناظر میں کچھ اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں ہر سال اکتوبر کے مہینے میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی مہمات کا انعقاد،ادارہ جاتی سطح پر اسکرینگ مہمات کا آغاز ، جن کا خصوصی ہدف خواتین طبی عملہ ہے،مربوط الٹرا ساؤنڈ اور بائیوپسی خدمات کی فراہمی،پمزکے زیر اہتمام ایک مکمل اور مختص کینسر ہسپتال کا قیام شامل ہے۔