لاہور میں ڈاکو پٹرول پمپ کیشیئر سے 40 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

واردات میں بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل استعمال کی گئی‘ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اگست 2025 13:41

لاہور میں ڈاکو پٹرول پمپ کیشیئر سے 40 لاکھ روپے لوٹ کر فرار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈاکو پٹرول پمپ کیشیئر سے 40 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واردات لاہور کے علاقے فیروزپور روڈ پر ہوئی جہاں پٹرول پمپ پر ہونے والی ڈکیتی میں دو مسلح ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ کے کیشیئر سے 40 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ بتایا گیا ہے کہ کہ کیشیئر مذکورہ رقم بینک میں جمع کرانے کے لیے جا رہا تھا کہ اس دوران راستے میں ڈاکوؤں نے اسے روک کر لوٹ مار کی جب کہ مذاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے کیشیئر کو زخمی بھی کردیا، واردات میں بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل استعمال کی گئی تاہم کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرکے فرار ہونیوالے ڈاکو کو شہریوں نے مار ڈالا، شہر قائد کے علاقہ کورنگی ڈیڑھ نمبر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوا، مقتول کی شناخت غلام محمد کے نام سے ہوئی جس کی دو ماہ بعد شادی ہونا طے تھی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہری کورنگی ڈیڑھ نمبرکارہائشی تھا اور 3 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن موقع پر موجود شہریوں نے پیچھا کرکے دو ڈاکوؤں کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جس کو پولیس نے حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا جب کہ تیسرا ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔