جنوبی کوریا کی آئی سی ٹی برآمدات میں 14.5 فیصداضافہ

بدھ 13 اگست 2025 16:45

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) جنوبی کوریا کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) مصنوعات کی برآمدات جولائی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 14.5 فیصد بڑھ گئیں جس کی بنیادی وجہ چِپس کی ریکارڈ سطح کی کارکردگی ہے۔وزارتِ سائنس و آئی سی ٹی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں آئی سی ٹی مصنوعات کی بیرونی ترسیلات کا حجم 22.19 ارب امریکی ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے 19.38 ارب ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

یہ جولائی کے مہینے میں اب تک کا سب سے زیادہ برآمدی حجم ہے۔درآمدات میں بھی سالانہ بنیاد پر 9.8 فیصد اضافہ ہوا جو 13.32 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، یوں اس شعبے میں 8.87 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔وزارت نے برآمدات میں نمایاں اضافے کو سیمی کنڈکٹرز کی ریکارڈ ترسیلات سے منسوب کیا ہے جو سالانہ بنیاد پر 31.2 فیصد بڑھ کر 14.72 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کی وجہ میموری چپس کی بلند قیمتیں اور عالمی کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سرورز میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری بتائی گئی ہے۔