ملک بھر میں 78 یوم آزادی جوش وخروش سے منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

بدھ 13 اگست 2025 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ملک بھر میں 78 یوم آزادی جوش وخروش سے منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ۔ وفاقی دارالحکومت میں ہر طرف سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور برقی قمقمے نظر آ رہے ہیں اور شہر کی فضا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، بازاروں میں گہما گہمی عروج پر ہے جہاں شہری آزادی کے رنگوں سے مزین مختلف اشیا خریدنے میں مصروف ہیں۔

جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں، اس موقع کی مناسبت سے شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، اہم سرکاری و نجی عمارات قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے آراستہ کی گئی ہیں، گلی محلوں میں 14 اگست کی مناسبت سے سٹالز سج گئے ہیں جہاں بچے، جوان، بزرگ اور خواتین خریداری میں مصروف ہیں، قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس، بیجز اور سٹیکرز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار جشن آزادی کو بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور وطن سے محبت کا اظہار کیا جائے گا،ننھی دنیا کا وطن سے محبت کا اظہار جشن آزادی کی تیاریاں بچوں میں بھی عروج پر ہیں، سبز ہلالی پرچم تھامے بچے خوشی سے سرشار ہیں اور ملی نغموں کی دھن پر ریہرسلیں جاری ہیں، بچوں کے چہروں پر پرچم پینٹ کئے گئے ہیں اور ہاتھوں میں بیج، جھنڈیاں اور دیگر رنگا رنگ اشیاء دیکھی جا سکتی ہیں، بچوں کی یہ خوشی وطن سے محبت کی جیتی جاگتی مثال بن گئی ہے، پورے ملک میں اس کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، یوم آزادی کا یہ دن نہ صرف خوشی کا ہے بلکہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا بھی مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :