ًماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی نہایت ضروری ہی: رانا مشہود احمد

منگل 7 اکتوبر 2025 21:24

ًماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی نہایت ضروری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2025ء) برگد اور فورم فار ڈگنٹی انیشی ایٹوز (FDI) کے باہمی اشتراک سے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (LCWU) میں کلائمیٹ گالا 2025 کے تحت پہلی انکلیوسو کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک (I-CAN) کانفرنس کا انعقاد اقراء آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ کانفرنس میں 500 سے زائد طلبہ و طالبات، مذہبی رہنماؤں، ماہرینِ پالیسی، اساتذہ، سول سوسائٹی تنظیموں، نوجوانوں، کمیونٹی لیڈرز، برگد کے لوکل پیس اسٹرکچر (LPS) ممبران اور ماحولیاتی کارکنوں نے شرکت کی۔

کانفرنس کا مقصد پاکستان میں ماحولیاتی عمل میں ایمان پر مبنی اقدار اور شمولیت کو فروغ دینا تھا۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قومی کلائمیٹ پالیسی کے نفاذ میں سرگرم کردار ادا کریں اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت فراہم کردہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کمیونٹی تعاون سے بھری ہوئی ہے اور حکومت نوجوانوں کی شمولیت کو قومی ماحولیاتی پالیسیوں اور حکمتِ عملیوں میں یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔رانا مشہود احمد خان نے یہ بھی بتایا کہ وہ گزشتہ 15 برسوں سے برگد کی سرگرمیوں کو فالو کر رہے ہیں اور نوجوانوں کے لیے برگد کے تسلسل سے کیے گئے کام سے متاثر ہیں۔وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر عظمٰی قریشی نے کہا کہ ایل سی ڈبلیو یو کے طلبہ اور اساتذہ ماحولیاتی تحقیق اور تعلیم میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف ڈی آئی، عظمیٰ یعقوب نے کانفرنس کے مقاصد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکلیوسو کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک (I-CAN) پنجاب میں نوجوانوں کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم کے طور پر ماحولیاتی اقدامات کو آگے بڑھائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگد، صبیحہ شاہین نے کہا کہ I-CAN کانفرنس نے پاکستان میں نوجوانوں کے لیے شمولیتی اور ایمان پر مبنی ماحولیاتی تعاون کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

’’کلائمیٹ، کلچر اور ایمان‘‘ کے موضوع پر ہونے والے پینل ڈسکشن میں ڈاکٹر حسن صدیق نے گرین کریڈٹ پروگرام پر روشنی ڈالی اور برگد و ایل سی ڈبلیو یو کے لیے تربیتی مواقع فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر اشوک کمار کھتری، ڈاکٹر منیزہ عباس، ہدایت مسیح، حافظہ اسماء اور ماہم مغل شامل تھے جنہوں نے ماحولیاتی فیصلوں میں نوجوانوں اور کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نوجوانوں کی عملی شمولیت نہ صرف ماحولیاتی بحالی میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ پاکستان کی گرین اکانومی کو بھی مضبوط کرے گی۔ ربیعہ ڈار (برگد) نے انکلیوسو کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک (I-CAN) کا باضابطہ آغاز کیا اور پنجاب کلائمیٹ چینج پالیسی و ایکشن پلان 2024-25 کے تناظر میں موجودہ پیش رفت اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے گرین بازار کا دورہ کیا، جہاں 50 اسٹالز پر پائیدار، ماحول دوست اور جدید مقامی حل پیش کیے گئے۔