لاہورہائیکورٹ نے منشیات کیس میں شاہد عمران بری کردیا

منگل 7 اکتوبر 2025 22:10

لاہورہائیکورٹ نے منشیات کیس میں شاہد عمران بری کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات اسمگلنگ کیس میں سزا یافتہ شاہد عمران کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے ناکافی شواہد اور عدم ثبوت کی بنیاد پر مجرم کی رہائی کا حکم جاری کیا۔جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شاہد عمران کی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق، تھانہ سول لائن منڈی بہاؤالدین پولیس نے شاہد عمران کو 5 کلو چرس رکھنے کے الزام میں 9 جنوری 2023 کو گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمے کی سماعت کے بعد سیشن جج منڈی بہاؤالدین نے 18 جنوری 2024 کو ملزم کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ شاہد عمران نے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ منشیات کے سیمپل فرانزک لیبارٹری بھیجے گئے لیکن عدالت میں پیش کی گئی منشیات میں کوئی علیحدہ قابلِ اعتبار حصہ موجود نہیں تھا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد مشاہدہ کیا کہ استغاثہ مجرم کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا اور ریکارڈ میں کوئی معتبر شہادت موجود نہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ اگر شاہد عمران کسی اور مقدمے میں مطلوب نہ ہو تو اسے فوری طور پر رہا کیا جائے۔