کراچی میں کی جانے والی غیر قانونی الاٹمنٹس منسوخ کرکے گھر خالی کرائے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات

بدھ 13 اگست 2025 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کی جانے والی غیر قانونی الاٹمنٹس منسوخ کرکے گھر خالی کرائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شہلا رضا کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں گھروں کو خالی کرانے کیلئے آئی بی اور رینجرز کی خدمات حاصل کی ہیں، کراچی میں پہلے ادوار میں 2200، 2300 گھروں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی گئیں جس کی اب فائل بھی غائب ہے، میں نے سندھ حکومت سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے، اگلے ہفتے سیکرٹری ہائوسنگ کے ساتھ کراچی جائوں گا اور اس معاملہ کو حل کروں گا۔

شائستہ پرویز ملک کے ضمنی سوال کے جواب میں ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کو این او سی جاری کرنا وزارت داخلہ اور ضلعی انتظامیہ کا کام ہے، اس معاملہ سے ہائوسنگ اینڈ ورکس کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے محکمہ میں بھی پلاننگ کا فقدان ہے، ایفرو فلیٹس اور سات ہائی رائز بلڈنگز بنائی گئیں جس کا بعد میں پتہ چلا کہ زیر زمین پانی دستیاب نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جی۔13 میں بنائے جانے والے فلیٹس کیلئے ہم سملی ڈیم سے پانی لانے کا انتظام کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے مالکان کو تاحال قبضہ نہیں دیا۔