سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال کی زیرصدارت ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کا اہم اجلاس

ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ پول لاہورمیں عالمی معیار کی سہولیات انسٹال کی جار ہی ہیں گوجرانوالہ، ساہیوال،ملتان، مظفرگڑھ، بہاولپور فیصل آباد سمیت کئی شہروں سے سٹیڈیمز میں منسلک کمرشل پلازے اور شاپس تعمیر کی جائیں گی

بدھ 13 اگست 2025 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ بدھ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری ،ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی ، ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ غزالہ کنول،ڈپٹی ڈائریکٹرطارق خانزادہ ، پی اینڈ ڈی فنانس ڈیپارٹمنٹ ، پی ایم یو کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سپورٹس کی 22میں سی17سکیموں کی منظوری دی گئی ۔ سیکرٹری سپورٹس مظفرخان سیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ پول لاہور میں عالمی معیار کی سہولیات انسٹال کی جارہی ہیں تاکہ ساؤتھ گیمز کے سوئمنگ ایونٹ میں کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات میسر ہوں،پنجاب میں سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر کا جال تعمیر کیا جارہا ہے، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں والی بال کورٹ، ملتان میں پیڈل ٹینس کورٹ چیچہ وطنی اور ساہیوال میں اوپن ٹینس کورٹس تعمیر کیے جائیں گے، ساہیوال میں اس سال ہاکی ٹرف بچھادیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ، ساہیوال،ملتان، مظفرگڑھ، بہاولپور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں سٹیڈیمز سے منسلک کمرشل پلازے اور شاپس تعمیر کی جائیں گی،وہاڑی میں سپورٹس گراؤنڈ ،عارف والا ،پاکپتن ، باقی پور بصیر پور میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ بورے والا سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگائیں گی،فیصل آباد میں 2کمرشل پلازے تعمیر کئے جائیں گے۔