14 اگست کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنے وطن کی بقا، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ متحد رہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

بدھ 13 اگست 2025 22:46

14 اگست کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنے وطن کی بقا، استحکام اور خوشحالی کے لیے ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پاکستان میں جشنِ آزادی صرف خوشی ، مسرت کا دن نہیں بلکہ یہ دن ہماری تاریخ، قربانیوں اور ان ذمہ داریوں کو یاد دلانے کا موقع بھی ہے جو ایک آزاد قوم پر عائد ہوتی ہیں۔ 14 اگست کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنے وطن کی بقا، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ متحد رہیں اور اپنے ذاتی و سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی قومی مفاد کو ترجیح دیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزادی ایک انمول نعمت ہے جس کی حفاظت اور بقا کے لیے قربانی، ایثار اور یکجہتی کے جذبے کو ہمیشہ زندہ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا آج کے دن ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کو تازہ کرنا چاہیے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

یہ دن اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ آزادی کا حصول ایک مسلسل جدوجہد کا نتیجہ تھا اور اس کے تحفظ کے لیے بھی مسلسل محنت درکار ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان کی بنیاد قربانی، ایثار اور اتحاد پر رکھی گئی تھی اور آج ہمیں اسی جذبے کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادی برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور لاکھوں شہداء کے خون سے عبارت ہے۔

ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ وطن صرف زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک نظریے اور خواب کی تعبیر ہے جو اسلامی اصولوں، عدل و انصاف اور مساوات پر مبنی ایک آزاد ریاست کا تصور تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے تقاضے پورے کرنے کے لیے قانون کی بالادستی، عدل و انصاف اور مساوات کے اصول اپنانا ناگزیر ہیں کیونکہ کرپشن، ناانصافی، تعصب اور انتہا پسندی کسی بھی معاشرے کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا جب تک ہم اپنی سوچ اور عمل میں شفافیت، برداشت اور باہمی احترام پیدا نہیں کریں گے، ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا حل اسی میں ہے کہ ہم بطور قوم ایک دوسرے کا ساتھ دیں، مسائل کو حل کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں کریں اور قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر فوقیت دیں۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا اصل سرمایہ اور مستقبل ہیں، آپ کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

جدید علوم، ٹیکنالوجی اور مہارتوں میں آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا کے بدلتے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال سکیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ منفی سوچ اور مایوسی سے بچیں، اپنی توانائیاں مثبت سمت میں لگائیں اور محنت کو اپنا ہتھیار بنائیں۔ یہی راستہ پاکستان کو ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنا سکتا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جشنِ آزادی ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ قربانی کے بغیر کامیابی ممکن نہیں، جیسے ہمارے بزرگوں نے اپنا سب کچھ قربان کر کے یہ وطن حاصل کیا، ہمیں بھی ملک کی خدمت اور اس کے استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہنا چاہیے۔

اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دیں، فرقہ واریت، لسانیت اور نفرت کو جڑ سے ختم کریں اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے مل جل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا گھر ہے اور اس کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔