چمن میں 78واں جشن ازادی کے موقع پر ملت اباد ہائی سکول میں جشن ازادی کی مناسبت سے تقریب

بدھ 13 اگست 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ اور اساتذہ کرام نے 78واں جشن ازادی کے موقع پر ملت اباد ہائی سکول میں جشن ازادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا ۔اس پروقار تقریب میں سیاسی و قبائلی عمائدین، علمائے کرام ،طلباء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں جشن آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا ۔

اس موقع پر ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی، طلبا، اساتذہ کرام ،سیاسی و سماجی شخصیات اور علماءکرام نےجشن آزادی کی مناسبت سے تقاریر کیں ۔تقریب میں طلباء نے ملی نغمے ،ٹیبلو ،تقاریر اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو اللہ تعالیٰ کی فضل و کرم سے آزادی کے پیروکاروں، بزرگوں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ولولہ انگیز قیادت نے اور خاص کرقائد ملت قائد اعظم محمد علی جناح ،علامہ اقبال اور دیگر راہنماوں کی انتھک محنت کوششوں اور جدو جہد سے ایک اسلامی فلاحی ریاست پاکستان معرضِ وجود میں آیا اور جس میں ہم آج ایک پرسکون اسلامی اور جمہوری نظام کے تحت زندگی گزار رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم متحد رہیں اور اتفاق و اتحاد سے زندگی بسر کریں اور اغیار اور دشمنوں کی منصوبوں عزائم کو دور اندیشی، حکمت و مصلحت پسندی سے انکا مقابلہ کریں اور انکی تیاریوں اور مکروہ عزائم کو خاک میں ملائیں تو وہ دن دور نہیں کہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی اور اقتصادی میدان میں بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا ۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان کی دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔تقریب کے آخر میں پاکستان کی سالمیت و بقاءاور استحکام و خودمختاری کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور پاکستان ذندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے میدان گونج اٹھا۔