امن کے بغیر ترقی و خوشحالی کا تصور ممکن نہیں ،پولیس افسران و جوانان عوام کے ساتھ ملکر دیر پا امن کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائیں، آئی جی خیبرپختونخوا

بدھ 13 اگست 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختو نخوا ذو الفقار حمید نے کہا ہے کہ امن کے بغیر ترقی و خوشحالی کا تصور ممکن نہیں اور پولیس افسران و جوانان پرزور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ ملکر دیر پا امن کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائیں۔یہ ہدایات انہوں نے ضلع مہمند پولیس لائنز میں پولیس افسران و جوانان کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔

در بار میں ضلع پولیس کے مختلف یونٹوں کے اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر، ضلعی پولیس آفیسر مہمند اکرام اللہ اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ امن وامان ترقی وخوشحالی کی ضامن ہوتی ہےاور امن وامان کی ضامن پولیس ہوتی ہے،اپنی جانوں کو قربان کر کے لوگوں کو محفوظ بنانا ہمارا فرض ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دربار کے شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لئے عوامی پولیسنگ کو فروغ دیں ۔ آئی جی پی نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے مقامی افراد کی ہمدردی کا لبادہ اوڑھ کر علاقے میں داخل ہو کر پناہ لیتے ہیں اوربعد میں اپنی سرگرمیوں سے لوگوں کی زندگیاں عذاب بنادیتے ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قبائلی اضلاع کے عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، یہ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے اور ہم سب کو اکٹھا ہو کر یہ جنگ منطق انجام تک پہنچانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع مہمند جغرافیائی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے یہاں پر ہونے والے واقعات کے اثرات پورے صوبے پر پڑتے ہیں ۔ انہوں نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ امن وامان کو خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بر وقت فوری کارروائی عمل میں لائیں۔

آئی جی پی کا مزید کہنا تھاکہ پولیس فورس کی فلاح وبہبود اور استعداد کار بڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ،صوبے کی پولیس کی قربانیوں کے پیش نظر ان کی تنخوا ہیں بڑھادی گئی جوکہ ان کاحق تھا ،پولیس فورس کے بچوں کی تعلیم اور صحت کے مسائل کے حل کے لئے تقریباً ایک ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ،اس کے ساتھ ساتھ پولیس جوانوں کے بچوں کی بہتر تعلیم اور صحت عامہ کےلئے معیاری تعلیمی اداروںاور ہسپتالوں کے ساتھ مزید معاہدے کریں گے ، اسی طرح پولیس کی حالت کار بہتر بنانے اور بہتر سکیورٹی کے لئے نئے پولیس لائنز ، پولیس سٹیشنزاور پولیس چوکیاں تعمیر کر رہے ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس ایک خاندان کی مانند ہے ،فورس کے سربراہ کی حیثیت سے آپ کی تمام ضروریات پورا کرنا اور مسائل حل کرنا میرا فرض ہے اور میں آپ سب سے بھی یہ امید رکھتا ہوں کہ آپ بھی محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیکر اچھے کاموں سے اپنے محکمے اور اپنے خاندانوں کی نیک نامی میں اضافہ کرینگے ۔آئی جی پی نے دربار کے شرکاءپر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ان کا اعتماد بحال کریں اور اپنے اہداف کے حصول کو ان کے تعاون سے ممکن بنائیں۔ دربار میں جوانوں نے اجتماعی اور اپنے ذاتی مسائل پیش کئے۔ آئی جی پی نے ان کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لئے ضروری احکامات جاری کئے۔