جشن آزادی اور معرکہ حق ،پی ایچ اے کی جانب سے شہریوں میں مفت پودے تقسیم

جمعرات 14 اگست 2025 00:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے زیراہتمام جشن آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ لبرٹی چوک پر شہریوں میں مفت پودے تقسیم کیے گئے جبکہ جیل روڈ پر پودوں کی تقسیم کا خصوصی کیمپ قائم کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سائیکل کارٹس اور موبائل کیمپس کے ذریعے شہر کے مختلف مقامات پر شہریوں کو مفت پودے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے کہا کہ مفت پودے تقسیم کرنے کا مقصد جشن آزادی کی خوشیوں کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دینا ہے۔ پودے تقسیم کر کے شجرکاری کی اہمیت اجاگر کی جا رہی ہے تاکہ شہری سرسبز پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مفت پودوں کی تقسیم کا یہ سلسلہ 14 اگست کی شام تک جاری رہے گا۔

شہر میں جشن آزادی کے موقع پر خصوصی تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے۔ آج رات گریٹر اقبال پارک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا جبکہ مال روڈ، گلبرگ، کلمہ چوک اور اہم شاہراہوں کو سبز اور سفید روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ تمام انڈر پاسز کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے اور شہر کی شاہراہوں پر خوبصورت تصاویر سے سجی فلوٹ گاڑیاں رواں دواں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو نیشنل ہسٹری میوزیم میں مقابلہ مصوری کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں نوجوان فنکار اپنی تخلیقات کے ذریعے پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کریں گے۔