یوم آزادی اور معرکہ حق میں تاریخی فتح کی خوشی میں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں پرچم کشائی کی تقریب،شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

جمعرات 14 اگست 2025 10:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان کے78 ویں یوم آزادی اور "معرکہ حق" میں تاریخی فتح کی خوشی میں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ آفس میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں افواج پاکستان کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا جس پر سبز ہلالی پرچم بنا ہوا تھا جس نے خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

تقریب میں ایڈیشنل سی ای او ارشد خان، ڈپٹی سی ای او ناصر کمال، سیکرٹری کنٹونمنٹ بورڈ عمران حبیب، سینئر کینٹ انجینئر عبدالصمد، زاہد جدون خان، مغیث خان، چوہدری ارسلان، منتخب ممبران رشید خان، حاجی ظفر اقبال، ملک طاہر ایوب سمیت کنٹونمنٹ بورڈ کے ملازمین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے نعرے لگائے اور شہدا کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

یوم آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر کینٹ کے مختلف شاہراہوں، پارکس اور سڑکوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں اور خوبصورت لائٹنگ سے سجا دیا گیا، رات کے وقت کینٹ کی سڑکیں اور عمارتیں جگمگا اٹھیں۔ ایڈیشنل سی ای او ارشد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کو شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد بہادر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص" میں بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل کی ہر گھڑی میں متحد اور یکجان ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہے، آزادی لاکھوں قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لیے ہر پاکستانی پر لازم ہے کہ اپنے حصے کا کردار ایمانداری اور یکجہتی سے ادا کرے۔