کراچی،مزار قائداعظم پر گارڈز تبدیلی کی تقریب،کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال مہمان خصوصی تھے

جمعرات 14 اگست 2025 11:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان کے 78 یومِ آزادی کے موقع پر جمعرات (14 اگست) کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے مزار پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر سمیع اللہ نے سر انجام دیے۔

سیلرز پلاٹون کی قیادت لیفٹیننٹ علی حسن جبکہ کیڈٹس پلاٹون کی قیادت چیف کیڈٹ کیپٹن محمد زین کی۔پاک بحریہ کی گارڈ کی جانب سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا جس کے بعد مہمان خصوصی نے گارڈز کی تعیناتی کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ کموڈور تصور اقبال گارڈ کی تعیناتی کے بعد مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ،انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔

واضح رہے کہ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر پاک بحریہ کی اعزازی گارڈمیں دو دستے شامل ہیں، اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل ہے جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔\932