فیصل آباد ،پاکستان کی آزادی بیشمار قربانیو ں اور انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیاجائیگا،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے

جمعرات 14 اگست 2025 15:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام جمعرات کوجشن یوم آزادی پاکستان ومعرکہ حق بھرپور قومی جوش وجذبے سے منایاگیا۔ اس سلسلہ میں ایف ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر محمد ایوب گجر،ڈائریکٹر فنانس محمد شہاب اسلم، ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ عاصم محمود، اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ، ایف ڈی اے کے دیگر تمام شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، افسران و اہلکاران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور پاکستان کی آزادی بیشمار قربانیو ں اور انتھک جدوجہد سے رقم ہے جس کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے تحریک پاکستان اور تحفظ پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ جشن آزادی مناتے وقت ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے حصول پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول اور تعمیر پاکستان کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں و توانائیوں کو بروئے کار لانے کا پختہ عزم کرناچاہئے تاکہ آئندہ نسلوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان منتقل کرسکیں۔

انہوں نے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی، امن و سلامتی سمیت تمام مشکلات و مسائل سے نجات کی دعا کی اورکہاکہ ایف ڈی اے انتظامیہ شہری ترقی،عوامی ریلیف اور بہترین محکمانہ سروسز کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے جوکہ آزادی کا ہی ثمر ہے۔مزید بر۱ٓں یوم ۱ٓزادی پاکستان کے سلسلہ میں ایف ڈی اے اور واسا کے مرکزی و ذیلی دفاتر پر جشن آزادی مبار ک اور وطن سے محبت کی تحریروں پر مبنی بینرزآویزاں کئے گئے اور جشن آزادی پاکستان کے نام پر شجرکاری مہم کے تحت ایف ڈی اے ہیڈ کوارٹر کے لان میں پودے بھی لگائے گئے۔\378