کوئٹہ ،محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام گرلز بوائز ہائی اسکول آواران میں یومِ آزادی کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 16:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر محکمہ تعلیم آواران کی جانب سے گرلز، بوائز ہائی اسکول آواران میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر آواران محترمہ عائشہ زہری تھیں۔ تقریب میں ضلعی افسران، اساتذہ کرام، لیویز و پولیس کے نمائندگان، طلبا و طالبات، والدین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبا و طالبات نے ٹیبلو، ملی نغمے اور مختلف دلچسپ پروگرام پیش کیے۔ یومِ آزادی کے موضوع پر پرجوش تقاریر نے شرکا سے خوب داد سمیٹی اور ماحول کو جوش و جذبے سے بھر دیا۔مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر آواران محترمہ عائشہ زہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جو ہمارے بزرگوں اور شہدا کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ عہد دہراتا ہے کہ وطن کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور مثبت کردار سازی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں، کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آواران نے گرلز بوائز ہائی اسکول آواران میں تعلیمی سہولیات مزید بہتر بنانے اور طلبا کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔\378