یومِ آزادی اپنی تہذیبی شناخت، قربانیوں کی یاد اور مستقبل کی امیدوں کا روشن استعارہ ہے، ڈاکٹر عاکف انور

جمعرات 14 اگست 2025 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے تمام کیمپسز اور ڈویژنز میں مملکتِ خداداد کا 78واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ٹاؤن شپ کیمپس میں منعقد ہوئی، جس میں تمام ڈویژنز کے سربراہان، مقامی کیمپسز کے پرنسپلز، اساتذہ، ملازمین اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے قومی پرچم لہرایا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک کی ملکی ترقی اور نمایاں کامیابیوں پر مشتمل خصوصی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔ وائس چانسلر نے یومِ آزادی کے موقع پر جامعہ میں پودا لگا کر خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا جبکہ کیک کاٹنے اور ملی نغموں کی دلکش پیشکش نے محفل کو رنگین کر دیا۔

(جاری ہے)

یومِ آزادی کی رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے کہا کہ یومِ آزادی اپنی تہذیبی شناخت، قربانیوں کی یاد اور مستقبل کی امیدوں کا روشن استعارہ ہے۔ یہ آزادی ہمیں بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے بعد اس وقت ملی، جب ہمارے بزرگوں نے اپنے خواب، اپنے گھر اور اپنی جانیں اس لیے قربان کیں تاکہ ہم آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔

ہماری تاریخ مارکہ حق کے سنہری باب سے جگمگا رہی ہے، جہاں حق و صداقت کے علمبرداروں نے باطل کے خلاف ڈٹ کر قربانیاں دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ایک مسلسل ذمہ داری ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ علم، محنت، دیانت داری اور اتحاد کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچائیں۔