سپریم کورٹ نے پبلک نوٹس کے تحت سپریم کورٹ رولز-2025 کے حوالہ سے تجاویز طلب کر لیں

جمعرات 14 اگست 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پبلک نوٹس کے تحت سپریم کورٹ رولز-2025 کے حوالہ سے تجاویز طلب کی ہیں۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے (آج) جمعرات کو شائع کئے گئے رولز-2025ایک تاریخی اصلاحات کی نمائندگی کرتے ہیں جس کا مقصد جدیدیت کا فروغ ، طریقہ کار کی وضاحت کو یقینی بنانا اور ٹیکنالوجی کو پاکستان کے نظام انصاف میں ضم کرنا ہے۔

یہ قواعد ایک جامع دستاویز کے طور پر شائع کئے گئے ہیں جو بنچ اور بار کی قانونی چارہ جوئی کی ضروریات کے لیے جوابدہ ہیں اور ابھرتی ہوئی قانونی اور تکنیک ترقی کے لیے بھی قابل اطلاق ہیں۔ شفافیت اور شمولیت کے جذبے کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ رولز- 2025 کے آرڈر I کے رول 1(4) کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس کی دفعات کو عملی جامہ پہنانے میں پیش آنے والی کسی بھی مشکل سے نمٹنے کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی جسٹس شاہد وحید ، جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس سلسلے میں ججز، بار کے ممبران، مدعیان اور عام لوگوں سے تجاویز اور آراء طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذارشات کو کمیٹی کے ذریعہ مرتب کیا جائے گا ،ان کا جائزہ لیا جائے گا اور نئے عدالتی سال کے آغاز پر غور کے لیے فل کورٹ کے سامنے رکھا جائے گا۔تجاویز تحریری طور پر رجسٹرارسپریم کورٹ آف پاکستان کو کانسٹی ٹیوشن ایونیو جی 5/1 اسلام آباد کے ایڈریس یا سپریم کورٹ کی ای میل [email protected] پر بھی بھجوائی جا سکتی ہیں۔