ٴْسپریم کورٹ کی جانب سے فیسوں میں اضافے کے حوالے سے مشاورت سے سپریم کورٹ بار کی واضح تردید

جمعرات 14 اگست 2025 18:05

xاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2025ء)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے فیسوں میں اضافے کے حوالے سے اپنے تحفظات واضح کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی مشاورت کیے جانے کے عمل کویکسرمستردکردیاہے اور کہاہے کہ بار سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان سے واقف ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مشاورت اور بات چیت کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن واضح طور پر اس بات کی تردید کرتی ہے کہ عدالت کی فیس میں اضافے (جو "کورٹ فیس" کے ٹیبل/تھرڈ شیڈول میں درج ہی)پر کوئی مشاورت یا بات چیت ہوئی ہو۔ اس معاملے پر کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر ایسی کوئی میٹنگ ہوئی ہے تو اس کی کارروائی منٹس جاری کی جائے، جس سے پتہ چلے کہ ہمارے نمائندوں کو اس میں بلایا گیا تھا یا انہوں نے شرکت کی تھی۔

(جاری ہے)

ہم یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں کسی ایسی کمیٹی کے بارے میں بھی قطعا طور پر علم نہیں ہے جو سپریم کورٹ نے عدالت کی فیس میں اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے بنائی ہو۔لہذا، ان تمام حقائق کی روشنی میں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ایک بار پھر استدعا کرتی ہے کہ عدالت کی فیس میں اتنا زیادہ اضافہ عوام کے لیے سستی اور فوری انصاف کے حصول میں مددگار نہیں ہوگا۔

اس کے برعکس یہ آئین کے آرٹیکل 37(d) میں درج "سستا انصاف" کے اصول کے خلاف ہے، وکلائ اور عوام دونوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا ہے، اور عوام کا سپریم کورٹ پر اعتماد کم کرتا ہے۔آخر میں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن وکلائ برادری اور عوام کے اس جائز مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے کہ عدالت کی فیس میں یہ غیر معمولی اضافہ ناقابلِ قبول ہے اور اسے فورا واپس لیا جائے۔