حضرت داتا گنج بخش ؒ کی982 ویں سالانہ عرس کے دوسرے روزمحافل سماع کا آغاز

صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمن،بلال یاسین ، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے افتتاح کیا

جمعرات 14 اگست 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)حضرت داتا گنج بخش ؒ کی982 ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز صوبائی وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن،وزیرہاؤسنگ بلال یاسین اور سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضابخاری نے محفل سماع کا افتتاح کیا، اس موقع پرصوبائی وزرا اور سیکریٹری اوقاف نے اپنے خطبات میں کہا کہ سیّد ہجویر رواداری کے امین تھے، فلاحی معاشرے کی تشکیل حضرت داتا گنج بخشؒ کے افکار سے ممکن ہے، پاکستان صوفیاء کی مساعی کا ثمر ہے، مسلم اُمّہ کی قیادت کا امین بنے گا، پاکستان سے محبت سرخروئی کا باعث ہے، تعمیر و تعمیر کی عظیم منزل جلد سر ہوگی۔

انہوں نے 78 ویں جشنِ آزادی کے حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتاگنج بخشؒ کی مساعی جمیلہ سے یہاں اسلام کی شمع روشن ہوئی اور پھر تسلسل کے ساتھ لامتناہی روشنیاں پھیل گئیں جس سے برصغیر کا یہ وسیع وعریض خطہ نورِ اسلام سے منور ہو گیا اور اسی تاریخی تسلسل میں مملکت ِخدا داد پاکستان وجود میں آئی، جس کی بنیاد آج سے ہزار سال قبل حضرت داتا صاحب ؒ نے رکھ دی تھی۔

(جاری ہے)

اسی لیے آج بھی اس خطہ زمین پر آپؒ کے روحانی اثرات دیکھے اور محسوس کیے جارہے ہیں۔انہوں نے سماع اور اس کے تاریخی پس منظر اوربرصغیر میں اسلام کی ترویج وتبلیغ میں صوفیاء کی خدمات کے تناظر پرروشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ صوفیاء کے طرزِ معاشرت کو اپنائے بغیرفلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں، انہی کی تعلیمات کے ابلاغ سے انتہا پسندی کا خاتمہ ہوگا۔

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف خالد محمود سندھو،ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، ایڈ منسٹریٹر داتاؒ دربارشیخ جمیل احمد،پی ایس او ٹو سیکرٹری اوقاف زاہد اقبال، منیجران وقاف داتاؒ دربار طاہر مقصود،محمد ناصر،زاہد بٹ، محفل سماع کمیٹی کے صدر ملک محمد عابد اورجنرل سیکرٹری پروفیسر عصمت اللہ زاہد سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

جبکہ وطنِ عزیز کے معروف قوال نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ مزید یہ کہ سماع کمیٹی کے ممبران کی طرف سے صوبائی وزیرخزانہ، صوبائی وزیر ہاؤسنگ اور سیکرٹری اوقاف کی دستار بند ی بھی کئی گئی۔ اختتام پر خطیب داتاؒ دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے دُعا کروائی۔ واضح رہے کہ سالانہ عرس کی ان تقریبات میں شرکت کیلئے ملک بھر سے معروف علماء کرام، مشائخ عظام، قراء حضرات، نعت خواں اور قوال شرکت کر رہے ہیں۔