کیڈٹ کالج پٹارو میں 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ’’معرکۂ حق‘‘کے عنوان سے شاندار تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 19:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) کیڈٹ کالج پٹارو میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے منایا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد کیڈٹس اور شرکاء کو آزادی کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔کمانڈنٹ و پرنسپل کیڈٹ کالج پٹارو کموڈور فیصل اقبال قاضی (ستارۂ امتیاز ملٹری) نے قومی پرچم لہرایا اور کیڈٹس نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کیے گئے، جنہوں نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔ چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنے ولولہ انگیز خطاب میں انہوں نے پاکستان کے قیام کی اہمیت، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی کردار اور مسلح افواج کی بہادری کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے انہوں نے ’’معرکۂ حق‘‘ میں پاک فوج کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

خطاب کے بعد کیڈٹس نے مہمانِ خصوصی سے سوالات کیے جن کے تفصیلی جوابات انہوں نے دیے۔ تقریب کے اختتام پر کموڈور فیصل اقبال قاضی نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور قومی اہداف کے حوالے سے ان کے پیشہ ورانہ خیالات اور نوجوان کیڈٹس کے لیے ان کی رہنمائی کو سراہا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی کو کالج کا روایتی یادگاری سووینئر پیش کیا گیا۔